عزیز طلباء
اسلامی تعلیم کے اس معیاری ادارے میں خوش آمدید! اس کالج میں آپ کا داخلہ درحقیقت
آپ کا بڑا اہم فیصلہ ہے اور دنیا و عاقبت کی بھلائی کے لئے ایک نہایت مؤثر قدم ہے۔
کالج آف شریعہ بہترین تعلیم و تدریس کے حصول کے لئے ایک نہایت منفرد ادارہ ہے، جو
اپنے طلباء کو مذہبی اور دنیوی تعلیم ایک حسین امتزاج کے ساتھ مہیا کرتا ہے۔ یہ ادارہ
دورحاضر کے جملہ تقاضوں پر کماحقہ پورا اترنے والے نظام تعلیم کا حامل ہے۔ ہمارے سامنے
اس کالج کے یہ واضح مقاصد ہیں:
- علم کی مختلف شاخوں میں سکالر اور باصلاحیت لوگوں کی تیاری، جو اچھے مسلمان
بھی ہوں۔
- اسلام کی پختہ بنیاد پر زندگی کے تمام گوشوں میں انسانی فکر کی نشاۃ ثانیہ
- عملی طور پر اسلامی کردار کی ایسی تیاری، جو شخصیت کو خالصتاً اسلامی شریعہ
کے روپ میں ڈھال دے
- اسلامی شریعہ کے ساتھ ساتھ دوسرے موضوعات میں بھی تعلیم و تربیت اور تحقیق
کا فروغ
- دنیابھر میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے مبلغین اور قائدین کی تیاری
ہم اپنے طلباء کو علم کے متنوع گوشوں میں اسلام کی بنیادی روح اور اسلامی اقدار
کے ساتھ جدید تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں تاکہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر معاشرے
میں کلیدی کردار ادا کر سکیں۔
کالج آف شریعہ میں داخلے کی صورت میں آپ بہترین طلباء کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ تعلیم
و تدریس کا وسیع تجربہ رکھنے والے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل پختہ فکر، مخلص اور
محنتی اساتذہ تعلیم و تحقیق میں آپ کی رہنمائی کریں گے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم قیادت میں آپ بھرپور علمی ماحول میں
رہتے ہوئے اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔
آپ کے لئے نیک تمناؤں کا طلبگار
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی